کراچی ،یکم فروری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس ا نڈیا)پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود کرکٹ کے شیدائیوں کا اگلا پورا ایک مہینہ کرکٹ کی گرما گرم خبروں کے درمیان رہتے ہوئے گزرے گا۔ 9 فروری سے ’پاکستان سپر لیگ 2017 ‘کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز ہو رہا ہے۔افتتاحی تقریب اور پہلا میچ 9 فروری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچز دبئی، شارجہ اور ابو ظہبی میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل لاہور میں سیکورٹی سے مشروط ہوگا۔مجموعی طور پر دوسرے ایڈیشن میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ہر ٹیم 20 کھلاڑیوں پر مشتعل اپنے اسکواڈ کا اعلان کرے گی۔ کھلاڑیوں میں پاکستان کے علاوہ دنیا کے دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔دوسرے سیزن کے کچھ کھلاڑی وہی ہوں گے جنہوں نے پہلے سیزن میں حصہ لیا تھا جبکہ باقی کھلاڑی پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ بنیں گے۔نئے کھلاڑیوں میں ایون مارگن، کائرون پولارڈ، سنیل نارائن اور برانڈن میک کولم شامل ہیں۔
تلکا رتنے دلشان، تھسارا پریرا، ریلی روزو، مارلن سیمولز، اآندرے فلیچر، محمود اللہ ریاض، جیمز فرینکلین، گرس گرین، ریسن رائے اور ناتھن میک کولم انجرڈ یا جو کھلاڑی دستیاب نہیں ہوسکیں گے ان کے متبادل کھلاڑی کے طور پر دستیاب ہوں گے۔مصباح الحق دفاعی چمپئنز اسلام آباد یونائٹیڈ کی نمائندگی کریں گے جبکہ پشاور زلمے کی کپتانی شاہد آفریدی سے لے کر ڈیرن سیمی کو سونپی گئی ہے۔اسی طرح سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈیٹرز، سنگاکارا کراچی کنگز اور برانڈن میک کولم لاہور قلندرز کی کپتانی سنبھالیں گے۔
پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی کے مطابق دوسرے ایڈیشن سے جڑی سب سے بڑی خوش خبری یہ ہے کہ اس کا فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گاجبکہ باقی میچز دبئی، شارجہ اور ابو ظہبی میں کھیلے جائیں گے۔سیشن کا فائنل لاہور میں منعقد کئے جانے کا مقصد یہ ہے کہ اس طرح پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ممکن ہو سکے۔ سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے۔ لہذا، امید کی جا رہی ہے کہ پی ایس ایل کے دوسرے سیشن کا فائنل لاہو ر میں ہونے سے یہاں دنیا بھر کی کرکٹ ٹیموں کی بے خوف و خطر واپسی ممکن ہوسکے گی۔